مریم نواز کی کل نیب میں پیشی ،آج کی رات حکومت پر بھاری ہوگی، راناثناءاللہ

لاہور. رہنما پاکستان مسلم لیگ (نواز) رانا ثنا ءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی رائے ہے کہ مریم نواز کو نیب میں طلب کرنے کا نوٹس سیاسی انتقام اور ظلم و جبرکے مترادف ہے۔ مریم نواز کے کل نیب میں پیش ہونےسے حکومت خوفزدہ ہے اس لئے آج کی رات حکومت پر بھاری ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نیب کو پولیٹکل انجیئرنگ کی غرض سے استعمال کیا جارہا ہے، پنجاب حکومت کے خوف کی یہ علامت ہے کہ نیب کی بلڈنگ کو رینجرزکے سپرد اور تین میل تک کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا ہے۔ اس حکومت کے کرائے کے ترجمان جو ہر وقت مسلم لیگ ن کو طعنے دیتے نہیں تھکتے تھے آج ہماری جماعت کی طاقت سے خوفزدہ ہوگئے ہیں، ان کو مریم نواز کے ڈراﺅنے خواب آرہے ہیں اسی لیے شاید کل حکومت نے نیب کو لاہور ہائی کورٹ میں بھیجا مگر وہاں ان کی درخواست کو ئی ترجیح نہیں دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں آئینی قانونی راستے پر یقین رکھتی ہیں،کل پی ڈی ایم کی ساری قیادت اور کارکنا ن نیب کے باہر اپنی لیڈر مریم نواز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جانا چاہتے ہیں اس لئے کل ہمارے راستے میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے، ظلم جبر کے خلاف آواز اٹھانا ہر سیاسی کارکن کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں