پی ڈی ایم متحد، مریم نواز کی پیشی پر ان کے ساتھ نیب جائیں گے، مولانا فضل الرحمان کا اعلان

لاہور.مولانا فضل الرحمان کاکہناتھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) متحد ہے کچھ معاملات ہیں ان کو باہمی رابطوں سے حل کرلیا جائے گا،ہم مل کرسفرکرینگے ،پی ڈی ایم کی نوجماعتیں ایک سوچ رکھتی ہیں ،پیپلزپارٹی سے کہیں گے وہ نوجماعتوں کی رائے پر غور کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم قیادت ان کے ساتھ جائے گی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مریم نواز سے ملک کو درپیش صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی ،حال میں ہی بجلی کو چھ روپے مہنگاکردیا گیا،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ،سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا ذیلی ادارہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،اس طرح کے اقدامات کو ہم تسلیم نہیں کر سکتے ،ہم پاکستان اور اس کی خودمختاری کے ساتھ کھڑے ہونگے ۔

مولانا فضل الرحمان کاکہناتھا کہ 26 مارچ کو مریم نواز کو نیب میں طلب کیاگیا ہے،پیشی کی جو وجہ بتائی گئی ہے اس نے نیب کو بے نقاب کردیا، ہم ہمیشہ کہتے ہیں نیب ایک کٹھ پتلی ادارہ ہے،مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے لاکھوں کارکن موجود ہوں گے، اس موقع پر پی ڈی ایم کی قیادت بھی مریم نواز کے شانہ بشانہ ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں