”مصباح الحق اور وقار یونس میرے بھائیوں کی طرح ہیں اس لیے ۔۔“محمد عامر نے پینترا بدل لیا ، کیا کرکٹ میں واپس آ رہے ہیں ؟ جانئے

لاہور.قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر محمد عامر نے کہاہے کہ قومی سکواڈ کی سلیکشن کو پبلک چوائس کہا جا سکتاہے لیکن اس میں میرٹ کا خیال اتنا نہیں رکھا گیاہے جتنی ضرورت تھی ۔

نجی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں محمد عامر کا کہناتھا کہ ماضی کی طرح موجودہ سلیکشن کمیٹی کا بھی سینئرز کے ساتھ رویہ آئیڈیل نہیں،ان اورآوٹ ہونا کھیل کا حصہ ہے تاہم سلیکٹرز کو یاسر شاہ اور حارث سہیل جیسے سینئرز کو ڈراپ کرنے سے قبل اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔انھوں نے کہا کہ جون میں پی ایس ایل دوبارہ شروع کرانے کا اعلان خوش آئند مگر ضروری ہے کہ اب تک سامنے آنے والی خامیوں کو ہر لحاظ سے دور کرکے بائیوسکیور ببل محفوظ بنایا جائے، ہوٹل میں کھلاڑیوں کے سوا کسی کو ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، بیرونی مداخلت کے تمام امکانات کو ختم کرنا ہوگا۔

محمد عامر نے کہاکہ میں ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر قائم ہوں اور دوبارہ سبز شرٹ پہننے کا باب ختم ہوچکا، میرا مصباح الحق اور وقار یونس سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، وہ میرے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں،دونوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، پرفارمنس کی وجہ سے ڈراپ کیا جاتا تو اف تک نہ کرتا،میری ذات کو تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے، بھارت کے بمرا کی مثال سامنے ہے، چند میچز میں وہ زیادہ وکٹیں نہیں لے پائے لیکن کسی نے تنقید نہیں کی اور اعتماد بڑھایا، پاکستان میں بھی یہ کلچر پروان چڑھانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں