سینیٹ الیکشن پر سپریم کورٹ کا فیصلہ، شیخ رشید میدان میں آگئے

اسلام آباد . وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے خفیہ بیلٹ کے فیصلے پر کسی کی ہار یا جیت نہیں ہوئی۔

نجی ٹی وی 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اچھا فیصلہ دیا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ آئینی اور حتمی ہے، سپریم کورٹ نے آرٹیکل 222 اور 226 کے تحت سنایا ہے۔ سینیٹ الیکشن آرٹیکل 246 کے تحت خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوں گے۔ اس میں کسی کی جیت ہار نہیں ہوئی بلکہ قانون اور ضمیر کی جیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں عمران خان کے امیدوار جیتیں گے۔ ان کی خواہش تھی کہ ووٹوں کی خرید و فروخت ختم ہوجائے، صدارتی ریفرنس مشروط تھا جس میں یہ نہیں لکھاتھا کہ یہ نافذالعمل ہوگا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے سنادی ہے۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے چار ایک سے فیصلہ سنایا ہے کہ سینیٹ الیکشن خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہی ہوں گے لیکن بیلٹ ہمیشہ کیلئے خفیہ نہیں رہ سکتا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں