پی ٹی آئی سو سال بھی حکومت کر لے حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتی ، تحریک انصاف کا سونامی بدنامی کے بعد اب اختتامی سفر پرچل پڑا: سینیٹر سراج الحق

ملتان.امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ گزشتہ پانچ حکومتیں وعدوں کے باوجود پانچواں صوبہ نہیں بنا سکیں،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا سونامی بدنامی کے بعد اب اختتامی سفر پرچل پڑا ہے، ملک کو کرونا وائرس یا حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے زیادہ نقصان پہنچااس کا فیصلہ تو وقت کرے گا مگر یہ واضح ہو گیا ہے کہ قوم اب پی ٹی آئی کے سونامی سے پناہ مانگنے لگی ہے، لوگ وائرس سے کم اور حکمرانوں سے زیادہ خوفزدہ ہیں، پاکستان کا گرے لسٹ میں رہنا حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، ڈسکہ میں لڑنےوالے اپنے مفادا ت کےلیے پنجاب اسمبلی میں ایک ہو گئے، الیکشن کمیشن کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں،تینوں بڑی پارٹیوں نے جنوبی پنجاب کے ایشو پر صرف سیاست کی عوام کو کچھ نہیں دیا۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف، صہیب عمار صدیقی اور صفدر ہاشمی کے ہمراہ ملتان میں پریس کانفرس کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے اس امر پر افسوس اور حیرانی کا اظہار کیا کہ ایف اے ٹی ایف کے غلامانہ قوانین کی آنکھیں بند کر کے پیروی کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں ہی رکھا گیا ہے،فرانس نے انڈیا کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کی سب سے زیادہ مخالفت کی، پاکستان کا گرے لسٹ سے نہ نکلنا کمزور خارجہ پالیسی کی علامت ہے، ہمارے اردگرد کے ممالک ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر رہے ہیں مگر ہمارے یہاں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے،یہ واضح ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی سو سال بھی حکومت کر لے حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتی،حکمران ویژن سے محروم اور انھوں نے صرف قوم کو بے وقوف بنانے کی سپیشلائزیشن کی ہوئی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم 73سالوں سے ان جماعتوں اور مارشل لاز کی حکومتوں کے تجربات سے گزر کر اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ یہ سب ایک ہیں،پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے مفادات کا بھرپور تحفظ کرتی ہیں، ماموں ایک پارٹی میں تو بھانجا دوسری میں، چھوٹے بھائی نے پی ٹی آئی کا پرچم اٹھایا ہوا ہے تو بڑے بھائی نے ن لیگ کا، ملک میں سرمایہ دارانہ نظام کے تحفظ اور مغرب کی تابعداری کرنا ان سب کے اولین مقاصد میں شامل ہے، جنوبی پنجاب کی عوام کو سالہاسال سے وعدوں پر ٹرخایا جا رہا ہے،علاقے میں بے روزگاری، غربت کا دور دورہ ہے، انفراسٹرکچر تباہ ہے،وقت آ گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں کروڑ پتیوں کی کروڑوں میں بولیاں لگیں، پنجاب اسمبلی میں دو جماعتوں نے مک مکا کیا، پوری قوم نے یہ تماشا دیکھا،خیبرپختونؒخوا میں ممبران اسمبلی جماعت اسلامی کے ایماندار اور اہل امیدواروں کو ووٹ دیں۔امیر جماعت اسلامی نے اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 20روپے فی لیٹر اضافہ کی سمری اور نیپرا کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران غریبوں کو زندہ درگور نہ کریں، عام پاکستانیوں کے لیے مہنگائی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں