نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ کو تحفہ دینے کیلئے اونٹ کا بچہ چوری کر لیا لیکن پھر پکڑنے جانے کے ڈر سے پولیس کو فون کر کے ایسی کہانی سنائی کہ سن کر آپ کی بھی ہنسی چھوٹ جائے گی

دبئی سٹی .کیا آپ نے کبھی اونٹ اپنی گرل فرینڈ کو تحفہ میں دینے کا سوچا ہے ؟ یقینا نہیں سوچا ہو گا لیکن دبئی میں ایسا کرنے پر ایک نوجوان کو جیل کی ہوا کھانا پڑ گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کا رہنے والا نوجوان اپنی گرل فرینڈ کو اس کی سالگرہ پر ایک قیمتی اونٹ تحفے میں دینا چاہتا تھا لیکن اس نے خریدنے کی بجائے ایک اونٹ کا بچہ چوری کر لیا ۔اونٹ کے بچے کے مالکان نے پولیس میں اس کے غائب ہونے کی شکایت درج کروائی ، اہلکاروں کی جانب سے اردگرد کے علاقے میں ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی لیکن انہیں اونٹ کا بچہ نہیں ملا ، کئی دنوں کے بعد حکام کو ایک کال موصول ہوئی جس میں ایک آدمی نے بتایا کہ ایک اونٹ کا بچہ ان کے فارم میں گھس آیا ہے ، پولیس نے خیال کیا کہ یہ فارم وہاں سے تین کلومیٹر دور ہے جہاں سے یہ اونٹ چوری ہو ا تھا ۔

پولیس نے جب تحقیقات کیں تو نوجوان نے ساری کہانی اگل ڈالی اور اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے گزرتے ہوئے اونٹ کی یہ قیمتی نسل کے بچے کو گرل فرینڈ کو تحفہ کرنے کیلئے چوری کر لیا تھا ۔نوجوان کا کہناتھا کہ جب وہ جوان اونٹ چوری کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا تو وہ بچہ ہی اٹھا کر لے گیا لیکن کچھ دنوں بعد اسے احساس ہوا کہ اگر وہ پکڑا گیا تو سزا دی جائے گی جس پر اس نے کہانی گھڑی اور اونٹ کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی ۔پولیس نے اونٹ کا بچہ اس کے مالک کے حوالے کر دیاہے اور نوجوان کو اس کے گرل فرینڈ کے ہمراہ گرفتار کر لیاہے جن پر چوری اور جھوٹ بولنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں