پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا گیا

لاہور . پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ، بازید خان، ایلن ولکنز، ثناءمیر، عروج ممتاز، ڈومنک کارک، سائمن ڈول، ڈینی موریسن، پومی ایمبینگوا، ڈیوڈ گاور اور جے پی ڈومنی کمنٹری پینل میں شامل ہیں، بورڈ نے ٹورنامنٹ کے دوران براڈکاسٹ پلان بھی تیار کرلیا ہے اور ایونٹ کے دوران معروف قومی اور بین الاقوامی کمنٹیٹرزمیدان میں جاری ایکشن پر تبصرہ کریں گے۔

معروف انگلش کمنٹیٹر ایلن ولکنز، ، ڈومنک کارک، پاکستان کے سابق کرکٹرز رمیز راجہ، بازید خان، ثناءمیر، عروج ممتاز اور نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹرسائمن ڈول لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے، ممتاز کمنٹیٹر طارق سعید اور سکندر بخت اردو زبان میں کمنٹری کریں گے تاہم نیوزی لینڈ کے ڈینی موریسن اورانگلینڈ کے ڈیوڈ گاور صرف کراچی لیگ میں کمنٹری کیلئے دستیاب ہیں۔

رواں مہینے کی 20 تاریخ سے شروع ہونے والی کراچی لیگ 7 مارچ تک جاری رہے گی جبکہ 10 مارچ سے 22 مارچ تک لاہور میں شیڈول میچز کے دوران جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی اور زمبابوے کے پومی ایمبینگوا بھی کمنٹری پینل جوائن کرلیں گے، ایونٹ کی پروڈکشن بلٹز ایڈورٹائزنگ ،ٹرانس گروپ اور این ای پی کے اشتراک سے کی جائے گی۔

ایونٹ کی ایچ ڈی کوریج کے دوران 30 سے زائد کیمروں کا استعمال کیا جائے گا، اس دوران سپر سلو اور الٹرا موشن کیمروں سمیت سپائیڈر کیم، بگی کیم ، ہاک آئی اور ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ اس دوران دلچسپ اعداد و شمار کیلئے کرک وِزکا استعمال بھی ہو گا، ایونٹ کے دوران ہفتہ وار میگزین شو، پی ایس ایل کہانیاں اور خصوصی فیچرز بھی تیار کئے جائیں گے۔

ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے پراڈکشن معیارکو مزید بہتر بنانے کیلئے بہت محنت کی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہم این ای پی ، بلٹزایڈوارٹائزنگ اور ٹرانس گروپ کے کنسوریشم کے ساتھ مل کر اس پر کام کریں گے، میں پی ایس ایل 2021ءکا حصہ بننے والے ان معروف کمنٹیٹرز کو بھی خوش آمدید کہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں