چودھری فیصل چیمہ کی کیونگ بوک کے گورنر سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

کوریا . ممبر نیشنل ایڈوائزری کونسل اور پاکستان کوریا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے نائب صدر چودھری فیصل چیمہ کی کوریا کے صوبے کیونگ بوک کے گورنر “لی چھل او” سے گورنر ہاوؕس میں خصوصی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستان اور کوریا کے درمیان صوبائی بنیادوں پر مختلف ترقیاتی اور فلاحی کاموں پر بات چیت چل رہی تھی جو کوویڈ 19 کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو گئی تھی لیکن اس ملاقات میں دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالات بہتر ہوتے ہی دوبارہ دونوں صوبوں جن میں پاکستان کا صوبہ پنجاب اور کوریا کا صوبہ کیونگ بوک شامل ہے کے عوام کو مزید قریب کرنے اور دونوں صوبوں کی بہتری اور ترقی کیلئے کام شروع کریں گے۔

یاد رہے کیونگ بوک صوبے کے گورنر “لی چھل او” پاکستان کوریا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ چیئرمین بھی ہیں اور پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ساتھ بہت اچھے اور برادرانہ تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ بہت جلد گورنر اور کوریا میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کی گورنر ہاوس میں ملاقات بھی متوقع ہے۔

فیصل چیمہ کوریا اور بالخصوص صوبہ کیونگ بوک میں فلاحی کاموں اور انسانیت کی خدمت کیلئے پیش پیش رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو ملکی سطح پر ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ فیصل چیمہ وطن عزیز پاکستان اور کوریا میں موجود پاکستانی کمیونیٹی کے امیج کی بہتری کیلئے ہر وقت کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں