جنوبی افریقہ کے بڑے بیٹسمین ’ فاف ڈوپلیسز ‘ نے پاکستان سے سیریز کھیل کر جاتے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

جوہانسبرگ .جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر ’ فاف ڈوپلیسز ‘ نے دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس جا کر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈوپلیسز اب تک جنوبی افریقہ کی طرف سے 69 ٹیسٹ میں نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ وہ 36 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کا اعزاز بھی رکھتے ہیں ، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 10 سینچریاں بنائیں ۔فاف ڈوپلیسز نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ڈیبیو کے دوران سینچری سکور کرتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں بھر پور نام کمایا اور وہ 110 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے تھے ۔

جنوبی افریقہ کے 36 سالہ کھلاڑی اب محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور اس کیلئے دستیاب بھی ہوں گے ، اپنے پیغام میں فاف ڈوپلیسز کا کہناتھا کہ ’ بے یقینی کا وقت تھا لیکن وہ میرے لیے بہت سے معاملات میں وضاحت لایا ، میرا دل صاف ہے اور زندگی کے نئے باب میں داخل ہونے کا یہی درست وقت ہے ، ملک کیلئے تمام فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن اب وقت آ گیاہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لوں ، اگر کوئی مجھے 15 سال پہلے کہتا کہ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے 69 ٹیسٹ کھیلوں گا اور کپتانی بھی کروں گا تو میں کبھی یقین نہ کرتا ، بطور ٹیسٹ کرکٹر میں بہت ہی زیادہ شکرگزار ہوں ، ہر اونچ نیچ نے مجھے اس آدمی کی شکل میں ڈھال دیا جس پر آ ج مجھے ہونے پر فکر ہے ۔“

ان کا کہناتھا کہ آنے والے دو سال آئی سی سی ٹی توینٹی ورلڈ کپ کے سال ہیں ، اس کی وجہ سے میں اپنی تمام توجہ اس پر مبذول رکھنا چاہتاہوں ، میں جتنا ہو سکے اس فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنا چاہتاہوں تاکہ اتنا بہترین کھلاڑی بن سکوں جتنا ممکن ہے ، میں اس پر یقین رکھتا ہوں کہ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں اپنی ٹیم کو دینے کیلئے میرے پاس بہت کچھ ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ون ڈے کرکٹ میرے منصوبوں میں شامل نہیں لیکن میں ٹی ٹوینٹی کرکٹ کو اپنی ترجیح بنانے جا رہاہوں ۔

ان کا کہناتھا کہ میں کرکٹ جنوبی افریقہ کے ساتھ اگلے کچھ مہینوں تک بات چیت میں رہوں گا کہ میرا مستقبل کس طرح کا ہو گا اور امید ہے کہ ہم دونوں اس کا حل تلا ش کرلیں گے جوکہ دونوں کیلئے بہترین ہو گا ۔میں ان سب لوگوں کا شکریہ اداکر تارہاہوں جو کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی طرح سے بھی مجھ سے جڑے رہے ، میری ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑ اکردار میری فیملی اور اہلیہ کا ہے ان کے بغیر میں یہ سفر طے نہیں کر سکتا تھا جو میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیاہے ۔فاف ڈوپلیسز نے اپنے ٹیم کے کھلاڑیوں ، ساتھیوں اور کوچز کا ان تمام سالوں میں بے حد ساتھ نبھانے پر شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں