راولپنڈی ٹیسٹ، ابتدائی ’جھٹکوں‘ کے بعد پروٹیز سنبھلنے لگے، جیت کیلئے مزید کتنے رنز درکار ہیں؟

راولپنڈی . پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پروٹیز کی بیٹنگ جاری ہے جس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لئے ہیں اور اسے جیت کیلئے مزید 209 رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو سیریز کلین سویپ کرنے کیلئے سات وکٹوں کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور ریسی وینڈرڈوسن نے 127 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے حسن علی نے پاکستانی ٹیم کو کامیابی دلا دی اور ریسی وینڈرڈوسن کو 48 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ مجموعی سکور میں آٹھ رنز کے اضافے کے بعد فاف ڈوپلیسی بھی ہمت ہار بیٹھے اور محض پانچ رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسری اننگز میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی عمدہ سنچری کی بدولت 298 رنز بنائے تھے اور یوں جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 370 رنز کا ہدف دیا۔ محمد رضوان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرتے ہوئے ناقابل شکست 115 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں عمران بٹ صفر، عابد علی 13، بابر اعظم آٹھ، اظہر علی 33، فواد عالم 12، فہیم اشرف 29، یاسر شاہ 23، حسن علی پانچ اور شاہین آفریدی چار رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 272 رنز بنا ئے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری ملی جس نے دوسری اننگز میں 298 رنز بنائے اور یوں جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف ملا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں