اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کےخلاف وکلا کا احتجاج، چیف جسٹس بلاک میں توڑ پھوڑ، اطہر من اللہ اپنے چیمبر میں محصور

اسلام آباد.اسلام آباد کچہری میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا نے شدید احتجاج کیا ،وکلا نے چیف جسٹس بلاک میں داخل ہو کر کھڑکیوں کے شیشے توڑ دئیے،وکلا نے عملے کو باہر نکال کر ججز کو اپنے چیمبر میں محصور کردیا،چیف جسٹس اطہر من اللہ اپنے چیمبر میں محصورہو گئے۔

وکلانے اسلام آباد کی ضلع کچہری میں تمام عدالتیں بند کرادیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمات کی کارروائی روک دی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں تمام سائلین کا داخلہ بھی بند کردیاگیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کی سروس روڈ بھی ٹریفک کیلئے بندکردی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے مزید دستے طلب کرلئے گئے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے داخلی راستے بند کر دیئے گئے،پولیس کی جانب سے تمام داخلی راستوں پر بیریئر لگا دیئے گئے۔

واضح رہے کہ رات گئے اسلام آبادکچہری میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران وکلا کے چیمبرز گرا دیئے گئے تھے، سی ڈی اے حکام کاکہناتھاکہ اسلام آبادکچہری میں سرکاری زمین پروکلا چیمبرز بنائے گئے تھے ،آپریشن میں سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ اور پولیس نے حصہ لیا،حکام نے کہاکہ سی ڈی اے نے حکمت عملی کے تحت رات کے وقت آپریشن کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں