آج وقت آ گیا ہے کہ . . . ایک عرصہ بعد سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی بھی بول پڑے

ملتان (ویب ڈیسک) سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ 5 فروری کا دن کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ ہمیں سب کو ملکر کشمیریوں کی آواز کے ساتھ آواز ملانا ہو گی۔ کشمیر کے بنا اب پاکستان نامکمل ہے۔ حضرت قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے۔

روزنامہ نوائے وقت کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ہندوو¿ں کی گہری سازش کے نتیجہ میں کشمیری آج بھی سزا بھگت رہے ہیں۔ تقسیم پاک و ہند کے تحت کشمیر کے پاکستان سے الحاق ہونے تک نامکمل ہی رہے گی۔ کشمیر کے مسئلہ پر اقوام عالم کو اب ہوش میں آنا ہو گا۔ آج دنیا بھر میں بھارتی حکومت کے اقدامات کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مودی حکومت نے بلاجواز مظلوم کشمیریوں سے ان کے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

آج پوری وادی جیل کا منظر پیش کر رہی ہے۔ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ پوری دنیا کو کشمیر کی برادری کے لئے اپنی آواز کو بلند کرنا ہو گا۔ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اگر اسے نہ روکا گیا تو اس میں سے ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج وقت آ گیا ہے کہ پاکستان بھی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا نشانہ بننے والے شہیدوں کا لہو جلد رنگ لائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں