امید ہے پی ڈی ایم لانگ مارچ یا عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی ،شیخ رشید کاوقار النساکالج کو یونیورسٹی بنانے کااعلان

راولپنڈی.وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے پی ڈی ایم لانگ مارچ یا عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی ،مولانا خود سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے تو غصے میں کمی ہوگی ،امید ہے سینیٹ الیکشن آئندہ ماہ 11 یا13 تاریخ ہو جائیں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ آج پی ایم نے کچھ سیاسی فیصلے کرنے ہیں ،عمران خان چاہتا ہے ووٹوں کی خریدوفروخت نہ ہو،ممبرمیں جرات ہونی چاہئے کہ اوپن بیلٹ پر ووٹ دے سکے ،عمران خان چاہتا ہے ممبرسینہ تان کر پارٹی کو ووٹ دے۔

انہوںنے کہاکہ جو سمجھتے ہیں تحاریک سے حکومت چلی جاتی ہے تو ہم نے 126 دن دھرنا دیا،اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں عقل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں،حکومت کو تین سال ہونے والے ہیں ایک سال بعدانتخابی مہم شروع ہو گی ،وفاقی وزیر نے کہاکہ جو کہہ رہے ہیں استعفے دیں گے انہیں اپنے فیصلے پر غور کرناچاہئے ۔

شیخ رشید نے کہاکہ جمہوریت کوطاقت مذاکرات سے ملتی ہے،مذاکرات کا راستہ ترک کرنے والے جمہوریت کے آگے بارود بچھاتے ہیں،بالاخر سیاسی ڈائیلاگ کرنا پڑتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سے میرے کوئی رابطے نہیں ہیں ،میری خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمان الیکشن لڑیں ،میں مولانا صاحب کانام احترام سے لوں گا۔

وفاقی وزیر داخلہ کاکہناتھا کہ جوقومیں اپنی ذمہ داریوں سے نبردآزما نہیں ہوتیں وہ انتشار کاشکار ہوجاتی ہیں ،وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی بنانے کااعلان کرتا ہوں، اسی سال میں یہ یونیورسٹی بنے گی،غلامی سے آزادی تعلیم دیتی ہے، لوگ کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں ،روڑے اٹکاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں