انوشکا شرما نے بیٹی کی پہلی تصویر جاری کردی

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سٹار انوشکا شرما نے اپنی بیٹی کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔ گزشتہ ماہ ننھی پری کی ماں بننے والی بھارتی اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی خوبصورت فیملی فوٹو شیئر کی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر میں انوشکا شرما نے اپنی بیٹی کو گود میں اٹھایا ہوا ہے جبکہ ان کے شوہر ویرات کوہلی محبت بھری نگاہوں سے اپنی بیٹی کو دیکھ رہے ہیں۔

انوشکا شرما نے اس دلکش تصویر کے کیپشن میں اپنی بیٹی کے نام کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنی زندگی محبت اور شکرگزاری کے ساتھ بسر کر رہے ہیں لیکن ہماری ’وامیکا‘ نے اس دنیا میں آکر ہماری زندگی کو ایک نیا مقصد دیا ہے۔‘

انہوں نے ماں بننے کے احساس کو بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’محبت، پیار، جذبات، آنسو، پریشانی، نیند کی کمی وغیرہ سب کا تجربہ ہو رہا ہے لیکن یہ سب واقعی میں بہت اچھا ہے۔‘

آخر میں انوشکا شرما نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس خوبصورت فیملی کے لیے دعائیہ اور محبت بھرے پیغامات بھیجے تھے۔

انوشکا شرما نے ایک گھنٹہ قبل ہی انسٹاگرام پر اپنی فیملی فوٹو شیئر کی ہے جسے اب تک ایک کروڑ 69 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

اس حوالے سے خود ویرات کوہلی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنی ننھی پری کی آمد کی اطلاع دی تھی۔

ویرات کے اس بیان کے بعد ہی سوشل میڈیا پر ’سٹار والدین‘ کے لیے مبارکباد کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ 2017 میں کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے اٹلی جاکر شادی کی تھی۔ گزشتہ برس دونوں کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں