سندھ کے گورنر ہائوس کی گاڑی میں کتا گھمانے کی ویڈیو سامنے آنے پر رئوف کلاسرا بھی چپ نہ رہ سکے، طنز کے نشتر چلادیئے

اسلام آباد . گورنرہائوس سندھ کی گاڑی میں کتا گھمانے کی ویڈیو سامنے آنے پر سینئر صحافی رئوف کلاسرا بھی چپ نہ رہ سکے اور طنز کے نشتر چلادیئے ، یاد رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی گاڑی میں کتے کی سیرو سیاحت کی ویڈیو منظر عام پر آئی تو سوشل میڈیا صارفین نے خوب تنقید کی جس کے بعد عمران اسماعیل نے اس سلسلے میں وضاحت بھی جاری کردی۔

سینئر صحافی رئوف کلاسرا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ” لوگوں کو غلط فہمی ہوئی ہے وہ بے چارہ مریل کتا دراصل دریا کے کنارے بھوک سے مررہا تھا۔ گورنر سندھ کو اطلاع ملی تو بے چین ہوگئے۔ ان کے حکم پر اسے سرکاری لینڈ کروزر میں ریسکو کر کے لایا جارہا تھا تاکہ قیامت کے روز گورنر سے اس بھوکے کتے کا سوال نہ پوچھا جائے”۔

یہ بھی واضح رہے کہ کتے کی سیر کی وائرل ویڈیو کسی عام شہری نے نہیں بلکہ سندھ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے خود اپنے موبائل پر اس وقت بنائی جب انہوں نے اپنی گاڑی سے کتے کی عیاشیوں کے مناظر دیکھے۔ انہوں نے گاڑی کی نمبر پلیٹ کی نشاندہی کرکے بتایا کہ یہ گورنر ہاؤس کی گاڑی ہے، انہوں نے کتے کو پروٹوکول دینے والی پولیس موبائل کو بھی عکسبند کیا۔

ادھرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ویڈیو جھوٹ پر مبنی ہے،جس گاڑی کی ویڈیو بنائی گئی اس میں میری فیملی موجود تھی۔انکا کہنا تھا کہ ویڈیو بنانا بری حرکت تھی،گاڑی میں میری بیوی اور بیٹی موجود تھی،گاڑی کے ساتھ پروٹوکول نہیں سیکیورٹی موجود تھی جو کہ گورنر کی فیملی کو ملتی ہے۔ویڈیو بنانے والے شخص نے خود کو چھپایا اور بار بار سرکاری گاڑی کے قریب آکر ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔ویڈیو بنانے والا سندھ کی کرپٹ حکومت کا حصہ ہے۔ویڈیو بنا کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ کچھ غلط ہورہا ہے،ہم تبدیلی کے لیے آئے ہیں اور تبدیلی لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں