اسلام آباد گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، وزیراعظم کے گھر سے چار کلومیٹر کی دوری پر چار گھنٹے تک فائرنگ، کتنے لوگ مارے گئے؟

اسلام آباد. بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ سے چار کلومیٹر دور دو گروپوں کے درمیان چار گھنٹے تک مسلسل فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق یہ فائرنگ کا واقعہ عمران خان کے گھر سے چار کلومیٹر دو ہاﺅسنگ سوسائٹی میں پیش آیاہے جہاں آئے روز ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں اور دونوں گروپوں کے درمیان زمین کا تنازع کئی سالوں سے چلا آ رہاہے اور گزشتہ رات دو بجے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو ا جو کہ صبح چھ سے سات بجے تک جاری رہا ، اس دوران اہل علاقہ کی جانب سے متعدد بار پولیس کی ایمرجنسی لائن پر کال کرتے ہوئے اطلاع دی گئی لیکن پولیس تاخیر سے پہنچی ،تھانہ بنی گالہ کی نفری اس وقت موقع پر پہنچی جب فائرنگ کا تبادلہ تقریبا ختم ہو چکا تھا ، ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیا گیاہے ۔

پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دو پارٹیوں کے درمیان زمین کے تنازع پر پیش آیا جس میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں جاں بحق شخص کی لاش کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں