پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کر دیا، 52 رنز پر 4 کھلاڑی آوٹ

کراچی . پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے 220 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کر دیاہے اور چار وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنالیے ہیں تاہم ابھی 168 رنز کا خسارہ باقی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزکے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے جنوبی افریقہ کے 220 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنائے ۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے عابد علی اور ڈیبیو میچ کھیلنے والے عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف پانچ کے مجموعی سکور پر عابد علی چار رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد ہی عمران بٹ کاگیسو ربادا ہی کی گیند پر کیغان پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر نو رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم آئے تو وکٹ رکنے کی امید پیدا ہوئی لیکن وہ 30 گیندوں پر صرف سات رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تین وکٹیں گنوانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا گیا لیکن وہ کوئی رن سکور کیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی باولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو پہلی اننگز میں 220 رنز پر آوٹ کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی نے دو شکار کئے۔

جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم میدان میں آئے جنہوں نے 30 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ریسی وینڈرڈوسن نے فہیم اشرف کی گیند پر بھاگ پر رن لینے کی کوشش کی مگر دوسرے اینڈ پر موجود ڈین ایلگر نے ان کی کال کو مسترد کر دیا جس پر انہیں آدھی وکٹ سے واپس جانا پڑا تاہم اس سے پہلے ہی محمد رضوان نے بابراعظم کی زبردست تھرو پکڑتے ہوئے انہیں رن آوٹ کر دیا، وہ 30 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا سکے۔

ڈین ایلگر اور فاف ڈوپلیسی نے چائے کے وقفے کے بعد 94 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو 108 کے مجموعی سکور پر لیگ سپنر یاسر شاہ نے قومی ٹیم کو تیسری اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے فاف ڈوپلیسی کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ وہ 46 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ ڈیبیو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نعمان علی نے بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھائے اور 133 کے مجموعی سکور پر کپتان کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر مجموعی سکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈین ایلگر کو بھی آوٹ کر دیا، دونوں کھلاڑی بالترتیب 15 اور 58 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ 179 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ٹیمبا باووما 17 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔

چائے کے وقفے کے بعد پروٹیز کی جانب سے کیشو مہاراج اور جارج لینڈے نے اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے یاسر شاہ نے کیشو مہاراج کو صفر کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ 194 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے کی مزاحمت بھی جواب دے گئی جو 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی لونگی نگیڈی تھے جنہوں نے آٹھ رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے تمام باولرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، حسن علی ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی قیادت کوینٹن ڈی کوک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، فاف ڈوپلیسی، ریسی وینڈرڈوسن، ٹیمبا باووما، جارج لینڈے، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی اور اینرچ نورجے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں