’وسیم اکرم وزیراعظم کے بہت قریب ہیں، وہ پی سی بی میں ہوں تو بااثر اور مضبوط ہو سکتے ہیں‘ پی سی بی کے سابق چیئرمین میدان میں آ گئے

لاہور .پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان وسیم اکرم کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کے بہت قریب ہیں، وہ بورڈ میں ہوں تو بااثر اور مضبوط ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خالد محمود کا کہنا ہے کہ مصباح کی تقرری پر کافی تنقید ہوئی کیونکہ ایک فرد کو اتنی زیادہ ذمہ داریاں دینا غلط تھا، ایک ہی فرد چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے عہدوں کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتا لیکن اولین ترجیح یہی ہونی چاہیے کہ ٹیم کا کوچ پاکستانی ہو۔قومی ٹیم کے باﺅلنگ کوچ کے حوالے سے خالد محمود کا کہنا تھا کہ وقار یونس کئی بار کوچ رہ چکے لیکن کسی دوسرے بورڈ نے انہیں پیشکش تک نہیں کی، اس سے صاف ظاہر ہے کہ وقار یونس اس ذمہ داری کی اہلیت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وسیم اکرم کرکٹ بورڈ میں ہوں تو بااثر بھی ہو سکتے ہیں اور مضبوط بھی کیونکہ وسیم اکرم وزیراعظم عمران خان کے بہت قریب ہیں، وسیم اکرم پی سی بی کے فیصلوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور کرتے بھی ہوں گے۔سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر حاوی ہے، 200 سال بعد بھی صرف 10 ممالک کے پاس ٹیسٹ سٹیٹس ہونا آئی سی سی کی ناکامی ہے، پی سی بی کو چاہیے کہ آئی سی سی کے اجلاسوں میں غلط پالیسیوں کی نشاندہی کرے۔

خالد محمود کا کہنا تھا مودی سرکار کی خواہش ہے کہ پاکستان کے بغیر کرکٹ کا میلا سجا لیں، مجھے امید نہیں کہ آئی سی سی بھارتی بورڈ کے خلاف سخت موقف اختیار کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں