ٹی 10 لیگ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تاحال ویزے جاری نہ ہو سکے مگر کیوں؟

ٹی 10 لیگ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تاحال متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ویزے جاری نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے ان کی روانگی تاخیر کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں منعقدہ ٹی 10 لیگ کے منتظمین کی طرف سے پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کیلئے یواے ای میں داخلے کا خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا جارہا ہے اور جلد ان کی روانگی کا پروانہ جاری ہونے کا امکان ہے۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستانیوں کو فی الحال یواے ای کے ویزے بند ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹس تیار کرنے کے بعد قومی کرکٹرز اور آفیشلز کو سامان پیک رکھنے اور روانگی کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 10 لیگ کا معاہدہ رکھنے والے کرکٹرز کو پاکستان کپ سے ریلیز کردیا ہے۔ 28 جنوری سے ابوظہبی میں شروع ہونے والی لیگ کیلئے پاکستان کے آصف علی، اعظم خان، شرجیل خان، محمد حفیظ، محمد عرفان، معاذ خان، شعیب ملک، سہیل اختر اور محمد عامر کا مختلف ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

سابق کپتان شعیب ملک اور فاسٹ باﺅلر محمد عامر اس وقت دبئی میں موجود ہیں، شعیب ملک کے پاس یواے ای میں قیام کا پہلے سے ہی اجازت نامہ موجود ہے جبکہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی سری لنکا موجودگی کے دوران ہی پابندی لگنے سے پہلے ان کی ٹیم نے ویزہ جاری کروالیا تھا اور وہ ابو ظہبی پہنچ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں